27 دسمبر 2014 - 19:19
خطے کے ممالک کا دورہ کامیاب رہا: ڈاکٹر لاریجانی

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ علاقے کے اہم موضوعات کے بارے میں ایران، عراق، شام اور لبنان کے حکام کے خیالات میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ علاقے کے اہم موضوعات کے بارے میں ایران، عراق، شام اور لبنان کے حکام کے خیالات میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نےاپنے علاقائی ممالک کے دورے کے اختتام پر تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اس دورے کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے عراق، شام اور لبنان کے اپنے دوروں کے بارے میں کہا کہ اس کا بنیادی مقصد دہشت گردی سے جد و جہد کے بارے میں ان ممالک کے حکام سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ان ممالک کو دہشت گردی جیسے مسئلے کا سامنا ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ شام کے بحران کے حل کے لئے علاقائی ممالک کو کچھ کرنا چاہئے کیونکہ دہشت گردی کا سامنا صرف ان تین ممالک کو نہیں ہے بلکہ مکمل علاقے دہشت گردی کی گرفت میں ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو دی جانے والی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان نے دہشت گردوں کے مقابلہ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے عراق کی بحرانی سیاسی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں وہاں کی صورت حال میں بہتری آ رہی ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے عراق میں داعش کی حالیہ شکستوں کو، جدوجہد کے طریقہ کار میں بہتری کی علامت قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ عراق کے كردستان علاقے میں بھی دہشت گردی سے مقابلے کے لئے مناسب طریقے سے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

.......

/169